ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / گیان واپی مسجد معاملہ یکم جون سے گرمی کی چھٹیاں، اب 4جولائی کو ہوگی سماعت

گیان واپی مسجد معاملہ یکم جون سے گرمی کی چھٹیاں، اب 4جولائی کو ہوگی سماعت

Tue, 31 May 2022 11:14:32    S.O. News Service

وارانسی ، 31؍مئی(ایس او نیوز؍ایجنسی)گیان واپی مسجد تنازعہ پر پیر کے روز ضلع جج کی عدالت میں ایک بار پھر سماعت ہوئی اور ہندو-مسلم فریقین کی دلیلیں سنی گئیں۔ سماعت کے دوران انجمن انتظامیہ مساجد کمیٹی کی طرف سے لگاتار پلیسز آف ورشپ ایکٹ کے تحت ہندو فریق کی عرضی کو سرے سے مسترد کیے جانے کا مطالبہ کیا گیا۔

مسلم فریق نے ہندو فریق کے ذریعہ کیے جا رہے کئی دعوؤں پر اعتراضات بھی ظاہر کیے۔ دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد جج نے اس سلسلے میں آئندہ سماعت کیلئے 4 جولائی کی تاریخ مقرر کر دی۔ گویا کہ اس سلسلے میں آج بھی فیصلہ نہیں ہو سکا کہ ہندوؤں کی عرضی کو سماعت کیلئے منظوری دی جانی چاہیے یا نہیں۔ آج ہوئی سماعت کے دوران گیان واپی مسجد سروے کی تصاویر اور ویڈیوز دونوں فریقین کے حوالے کر دئے گئے۔ کچھ میڈیا چینلز نے ان ویڈیوز کے اسکرین شاٹس شائع بھی کیے ہیں جس میں یہ دکھانے کی کوشش کی گئی ہے کہ مسجد کی دیواریں اور وہاں موجود چیزیں ہندو فریق کے دعوؤں کو مضبوطی فراہم کر رہی ہیں۔ حالانکہ مسلم فریق بار بار اس بات پر اعتراض کر رہا ہے کہ جسے ہندو فریق شیولنگ بتا رہا ہے وہ فوارہ ہے، اور شیولنگ ظاہر کرکے ماحول خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ دہلی باشندہ راکھی سنگھ اور چار دیگر خواتین نے شرنگار گوری کی مستقل پوجا کی اجازت دینے اور احاطہ میں واقع بتوں یعنی مجسموں کی حفاظت کا حکم دینے سے متعلق عرضی داخل کی تھی۔ ان پانچ خواتین میں سے ایک نے اپنی عرضی واپس لے لی، لیکن بقیہ چار کی عرضی پر ابھی تک یہ فیصلہ نہیں ہو سکا ہے کہ انھیں سماعت کیلئے قبول کیا جائے یا نہیں۔

 


Share: